''شالا وسدا روے پنجاب ''۔۔۔۔ رونقوں کا میلہ ہارس اینڈ کیٹل شو2025 اختتام پذیر ہوگیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ''شالا وسدا روے پنجاب ''، رونقوں کا میلہ ہارس اینڈ کیٹل شو2025 اختتام پذیر ہوگیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز ہارس اینڈ کیٹل شو کی اختتامی تقریب کی میزبان تھیں جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرمہمان خصوصی تھے۔فوٹریس سٹیڈیم کوشاندا ر طریقے سے سجایا گیا،دوپہر سے ہی مہمان آنا شروع ہوگئے۔مہمانوں کی آمد پر روایتی انداز میں سینکڑوں ڈھولچیوں نے ڈھول بجائے اور نفیری پر خیر مقدمی دھن سے استقبال کیا۔ڈھولچی نے دائرے میں دیوانہ وار گھومتے ہوتے ہوئے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ روایتی لباس اور پگڑیاں پہنے خواتین گھڑ سواروں کے دستے نے پروگرام شروع کرنے کی اجازت طلب کی اوراس کا آغاز کیا۔سبز ہلالی پرچم اٹھائے برق رفتار گھڑ سواروں نے نیزوں کی انی سے آگ سے جلتے کلے اکھاڑنے کا مظاہرہ کیا۔پہلوانوں کی 2 ٹیموں نے کبڈی کا رستم پنجاب نمائشی میچ کھیلا۔گھڑ سوار، رقص کرتے اونٹ، بکریاں،بھینس، بھیڑ وں کی نمائش بھی کی گئی۔رنگا رنگ لبا س پہنے مختلف فنکاروں نے علاقائی رقص پیش کئے۔سندھی، بلوچی کشمیری رقاص ٹولیاں بھی توجہ کا مرکز رہیں۔فلوٹ پر گرین پنجاب اور دیگر تھیم پیش کیے گئے۔صوفی رقاص اور چرخہ کاٹتی بچیوں کے فلوٹ بھی توجہ کا مرکز بن گئے۔16روزہ ہارس اینڈ کیٹل شوکے تمام ایونٹس کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔