اہم پیش رفت ۔۔۔ویمن پروٹیکشن سیل کا لاہور میں افتتاح ،ایس او پیز جاری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )خواتین کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر ویمن پروٹیکشن سیل کا لاہور میں افتتاح کیا گیا، ساتھ ہی ویمن پروٹیکشن سینٹرز پنجاب کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) بھی جاری کیے گئے۔ ان اقدامات کا مقصد گھریلو و صنفی بنیادوں پر تشدد کا شکار خواتین کو فوری مدد، قانونی معاونت، نفسیاتی سپورٹ اور تحفظ فراہم کرنا ہے، جو پنجاب پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس ایکٹ 2016 کے تحت کیے جا رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ، یو این ایف پی اے پاکستان کی ڈپٹی نمائندہ لتیکا ماسکی پردھان، اور برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل کونسلر زو ویری نے شرکت کی۔ یہ اقدامات یو این ایف پی اے پاکستان، برطانوی فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس، نیدرلینڈز ایمبیسی اور روزن کے اشتراک سے کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد پنجاب میں خواتین کے تحفظ اور انصاف تک ان کی رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
یو این ایف پی اے پاکستان کی نمائندہ لتیکا ماسکی پردھان نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے، اور یہ SOPs ایک مؤثر سپورٹ سسٹم کی بنیاد رکھیں گی۔
حنا پرویز بٹ نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا" یہ اقدام پنجاب کو خواتین کے لیے مزید محفوظ بنانے کی ہماری کوششوں کو مضبوط کرے گا"۔
روزن کی نمائندہ نے ادارہ جاتی معاونت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا"صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف ایک منظم ردعمل ضروری ہے۔"