میرا یہ حال کیوں ہوا؟
تصور کیجیے کہ آپ ایک سرنگ میں ہیں اور آپ کو وقفے وقفے سے آکسیجن مل رہی ہے۔ جس وقفے میں آکسیجن نہیں ملتی، آپ کی طبیعت بگڑنے لگتی ہے۔ آکسیجن کی بحالی آپ کو پھر سے تازہ دم کرتی ہے۔ لیکن پھر آکسیجن نہ ملنے کا دورانیہ بڑھنے لگتا ہے، آپ کی سانس تنگ ہونے لگتی ہے، ذہن پہ غنودگی چھا رہی ہے۔ آپ سرنگ سے باہر نکلنا چاہتے ہیں جلد از جلد لیکن سرنگ کا راستہ کچھ ایسا پیچدار ہے کہ چاہنے کے باوجود فوراً نکلنا ممکن نہیں۔ آکسیجن کی سپلائی کم سے کم ہوتی جاتی ہے، دماغ کی غنودگی بڑھتی جاتی ہے لیکن کوئی سد باب نہیں کیا جاتا۔
آپ کو دور سے ایک آواز آتی ہے، اس راستے سے نکلنا مشکل لگ رہا ہے۔ کیا ہم دوسرے راستے سے نکالیں اس مسافر کو؟
آپ کہنے کی کوشش کرتے ہیں، پلیز جلدی کرو، میرا سانس گھٹ رہا ہے، میرے جسم سے قطرہ قطرہ جان نکل رہی ہے۔
لیکن دور سے کئی اور آوازیں آتی ہیں۔
کیوں؟
ابھی تک تو سب ٹھیک تھا؟
یہ کیا بات ہوئی؟
سب لوگ آخر نکل ہی آتے ہیں اس سرنگ سے؟ پھر یہ کیوں نہیں؟
نہیں، ہمیں دوسرا راستہ قبول نہیں، یہیں سے نکالیے۔