سیحی روزے کیسے ہوتے ہیں؟
جس معاشرے میں ہم رہتے ہیں اکثر ہماری مسیحی رسومات کے بارے میں قیافے لگائے جاتے ہیں۔ مسیحی تو یوں شادی کرتے ہیں، مسیحی تو یوں جنازہ کرتے ہیں، مسیحی تو یوں روزے رکھتے ہیں وغیرہ۔ اسی ہفتے لینٹ یعنی مسیحی روزوں کا آغاز ہو چکا ہے تو میں نے محسوس کیا کہ مجھے اس بارے میں کچھ سوالوں کی تشنگی کا ازالہ کرنا چاہیے۔
بچپن سے چند ایک سوال تواتر سے پوچھے جاتے رہے ہیں،
آپ کے بھی روزے ہوتے ہیں؟
آپ کے کتنے روزے ہوتے ہیں؟
آپ کا روزہ کتنے گھنٹے کا ہوتا ہے؟
اور یہ کہ کیا آپ روزے میں توے کا پکا کھا سکتے ہیں؟
ہر مذہب کے اپنے عقائد اور رسومات ہوتے ہیں جس کے مطابق وہ اپنی عبادات کرتے ہیں۔ مسیحی بھی موسم بہار میں چالیس روزے رکھتے ہیں، یہ ان ایام کی یاد میں رکھے جاتے ہیں جب یسوع المسیح نے اپنی زمینی خدمت کے آغاز سے پہلے تیاری کے لئے روزہ رکھا۔ ویسے تو ان ایام کا براہ راست تعلق ایسٹر سے نہیں لیکن یہودی کیلنڈر کے اعتبار سے یہ دونوں ان تاریخوں میں اس طرح آتے ہیں کہ تاثر ابھرتا ہے کی ایسٹر روزوں کے بعد والی عید ہے ہر کلیسا میں اس کے اوقات اور طریقہء کار فرق ہوتا ہے۔